اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مجلس اعلائے اسلامی کے سربراہ نے بغداد میں سعودی سفارتخانہ کھولے جانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عراق اپنے پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کرتا ہے۔ سید عمار حکیم نے آج مھر نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو میں دارالحکومت بغداد میں سعودی سفارتخانہ کھولے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں عرب ملکوں کی سرگرمیاں جاری رہنے سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ اس ملک میں حکومت اور جمہوریت مستحکم ہے ۔ گذشتہ مہینے عراق کے صدر فواد معصوم نے اپنے درۂ ریاض میں ، عراق میں سعودی سفارتخانہ کھولے جانے کے بارے میں سعودی حکام سے تبادلۂ خیال کیا تھا۔ اس ملاقات کے بعد سعودی عرب کی انٹلی جنس کے ایک سینئر عہدیدار نے چند روز قبل بغداد کا دورہ کیا اور عراق میں اپنا سفارتخانہ کھولے جانے کے حوالے سے عراقی حکام سے مذاکرات کئے ۔ عراقی پارلیمنٹ کے تعلقات عامہ کمیشن کے سربراہ کے اعلان کے مطابق سعودی عرب کا سفارتخانہ آئندہ ہفتے سے اپنا کام کرنا شروع کردیگا۔ 1990 میں کویت پر صدام کے حملے کے بعد عراق اور سعودی عرب کے تعلقات منقطع ہوگئے تھے اور پھر 2004 میں صدام کے خاتمے کے بعد ایک بار پھر قائم ہوگئے تاہم بغداد میں ریاض کا سفارتخانہ بدستور بند تھا.
.......
/169